93

تحریک لبیک پاکستان کے نئے امیر کا انتخاب کرلیا گیا

اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال کے بعد ان کے بڑے بیٹے سعد رضوی کو تحریک لبیک پاکستان کانیا امیر منتخب کرلیا گیا،

92نیوز کے مطابق انہوں نے اپنے والد کی نماز جنازہ شروع ہونے سے پہلے حلف اٹھایا، ٹی ایل پی کے امیر علامہ خادم حسین رضوی کے عزیزو اقارب اور خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی تدفین ان کی رہائشگاہ مدرسہ ابوذر غفاری میں ہی کی جائیگی،

جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ مینار پاکستان پر ادا کرنے کے بعد دوبارہ ان کی میت کو ان کی رہائشگاہ پر لایا جائے گا جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔

دریں اثناتحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے نماز جنازہ میں ملک بھر سے کارکنوں اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد میں شرکت کے باعث صوبائی دارالحکومت لاہورمیں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے۔ کیپٹل سٹی پولیس چیف محمد عمر شیخ کی ہدایت پر شہر بھر میں سکیورٹی کوہائی الرٹ رکھا گیا ، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی اور گاڑیوں کی چیکنگ کو مزید سخت کر دیا گیا۔

مینار پاکستان کے گردونواح میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ۔ محمد عمر شیخ کی ہدایت پر ڈولفن و پیرو اور پٹرولنگ گاڑیاں موونگ پوزیشن میں رہیں۔سی سی پی او کی ہدایت پر تمام ڈویژنل آپریشنل افسران فیلڈ میں موجود رہے اور سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرتے رہے ۔ نماز جناز ہ میں لوگوں کی غیر معمولی تعداد میںشرکت کے باعث سیف سٹی کیمروں کی مدد سے بھی سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ۔

علاوہ ازیں تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی مینار پاکستان گرائونڈ پر نماز جنازہ کی وجہ سے میٹرو بس سروس کو شاہدرہ سے ایم اے او کالج تک بند رکھاگیا ۔ ایم اے او کالج سے گجومتہ تک میٹرو بس سروس جار ی رہی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں